بنگلورو4مارچ(ایس او نیوز)کرناٹک اسٹیٹ وقف بورڈ انتخابات کیلئے ریاست کے تین ڈیویژنوں میں پر امن پولنگ ہوئی ۔ متولی زمرہ کے لئے 96فی صد ریکارڈ پولنگ ہوئی ۔ اس زمرہ کیلئے چار ڈیویژنوں میں ہوئی پولنگ کی تفصیل اس طرح ہے ۔ بنگلورمیں 312ووٹوں میں سے 307متولیوں نے ووٹ ڈالے ہیں ۔ (98فیصد پولنگ)، میسور میں کل209ووٹوں میں سے 197ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا (94فیصد پولنگ)،بلگاوی میں کل177ووٹوں میں سے 175ووٹ ڈالے گئے ہیں ۔ (98فیصد پولنگ ) جبکہ کلبرگی میں کل 214ووٹوں میں سے 205ووٹ ڈالے گئے ۔ (96فیصد پولنگ )۔ مسلم لجس لیٹرس زمرہ سے رکن کونسل رضوان ارشد کے مقابلہ سے دستبردار ہوجانے کے بعد اس زمرہ کیلئے رسمی پولنگ ہوئی ۔ اس زمرہ سے دو اراکین کاانتخاب کرنا تھا ۔ رضوان ارشد کے مقابلہ سے دستبردار ہوجانے کے بعد صرف دو امیدوارتنویر سیٹھ اور کنیز فاطمہ ہی میدان میں تھے ،ان دونوں کا منتخب ہونا طے ہے ۔ صرف سرکاری طور پراعلان ہونا باقی ہے ۔متولی زمرہ سے کل 14امیدوار میدان میں ہیں جن میں سے دو اراکین کو منتخب کیا جانا ہے ۔اس انتخاب میں ریاستی قانون ساز کونسل اورراجیہ سبھا کی طرح ووٹرس اپنا پہلا ترجیحی ووٹ دینے کے بعد دوسرے امیدواروں کو دوسرا ، تیسرا وغیرہ پری فینشل ووٹ دیتے ہیں۔ ووٹوں کی گنتی کے دوران پہلے راؤنڈ میں پہلا پری فینشل ووٹ لینے والے امیدواروں کی گنتی ہوتی ہے ۔ اس راؤنڈ میں جس امیدوار کو پہلا یعنی نمبر 1ترجیحی ووٹ زیادہ ملتے ہیں اس کو منتخب قرار دیا جاتاہے ۔ دوسرا راؤنڈ کچھ مشکل ہے ،اس راؤنڈ میں کچھ بھی ہوسکتا ہے، زیادہ ترجیحی ووٹوں کے ساتھ پہلے ترجیحی ووٹس ملا ئے جاتے ہیں اس میں زیادہ ووٹس حاصل کرنے والے امیدوار کو منتخب قرار دیا جاتا ہے۔ آج اس زمرہ سے چناؤ لڑنے والے اکثر امیدوار بنگلور کے پولنگ بوتھ پر رہے ۔ بنگلورمیں صبح9بجے تا 11بجے پولنگ کافی دھیمی رہی ۔ 11بجے تا ایک بجے پولنگ تیز ہوئی ۔یہاں پولنگ کی کارروائی ریٹرننگ افسر کی نگرانی میں بنگلور نارتھ ڈسٹرکٹ اسسٹنٹ کمشنر اور تحصیلدار دفتر کے سرکاری کارندوں نے انجام دی ۔
مسلم لیجس لیٹرس: مسلم لیجس لیٹرس زمرہ سے ووٹ دینے پہلے تنویر سیٹھ اور ریاستی وزیر بی زیڈ ضمیر احمد خان پولنگ بوتھ پہنچے تھے ۔ اس کے بعد دوپہر اراکین کونسل عبدالجبار ، سی ایم ابراہیم ،پھررکن اسمبلی کنیز فاطمہ اور ریاستی وزیر رحیم خان پہنچے ۔ سینئر کانگریس لیڈرو رکن کونسل اقبال احمد سرڈگی نے علالت اور ضعیف العمری کے باوجود پولنگ بوتھ پہنچ کر اپنا ووٹ دیا ۔ مقابلہ سے دستبردار رضوان ارشد نے سب سے آخر میں پولنگ بوتھ پہنچ کر اپنا ووٹ دیا۔وقف افسر میسور عبدالخلیل اور بورڈ کے اڈیشنل سی ای او محمد نعیم مومن کی اطلاع کے مطابق بیلیٹ باکسوں کو محفوظ رکھنے یتیم خانہ اہل اسلام کی عمارت ہی میں اسٹرانگ روم بنایا گیا ہے۔ بنگلور اور میسور کے بیلیٹ باکسوں کو معقول پولیس بندوبست کے ساتھ اسٹرانگ روم میں رکھ دیا گیا ہے۔ بلگاوی اورکلبرگی کے بیلیٹ باکس پرسوں تک بنگلورپہنچ جائیں گے ۔ انہیں بھی اسی اسٹرانگ روم میں رکھ دیا جائے گا اور اس عمارت میں 7مارچ صبح9بجے سے ووٹوں کی گنتی کاآغاز ہوگا۔ ذرائع کے مطابق وقف بورڈ سی او الیاس احمد کے والد کا پچھلے ہفتہ انتقال ہوگیا تھا ۔ اب ان کی والدہ کی طبیعت نا ساز ہے ، اس لئے پچھلے تین دنوں سے وہ چھٹی پر ہیں ۔ ان کی جگہ ان کے ماتحت وقف بورڈ کے افسروں نے الیکشن کی کارروائی میں حصہ لیا۔بھر پور تعاون کیا ہے ۔ میسور سب ڈیویژن کے اسسٹنٹ کمشنر آر سی شیو گوڑا کی نگرانی میں میسور میں پر امن پولنگ ہوئی۔